
خلیج اردو
ابوظہبی، 1 اگست 2025:
ابوظہبی کے مصفحہ انڈسٹریل ایریا میں واقع ایک صنعتی ادارے کو فضائی آلودگی کے قانونی حد سے تجاوز کرنے پر عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ یہ کارروائی ابوظہبی انوائرنمنٹ ایجنسی (EAD) نے ماحولیاتی معیارات کی سنگین خلاف ورزی کے بعد کی۔
حکام کے مطابق، مذکورہ صنعتی یونٹ کی جانب سے قانونی حد سے زائد فضائی اخراج کی شکایات موصول ہو رہی تھیں جس کے بعد انسپکشن اور تحقیقات کی گئیں۔ تحقیقات میں ثابت ہوا کہ ادارے کے فضائی اخراج نے مقامی فضائی معیار پر منفی اثر ڈالا ہے۔
ایجنسی کے ترجمان نے کہا کہ EAD امارات کو صاف، محفوظ اور پائیدار رکھنے کے لیے صنعتی اداروں کا باقاعدگی سے معائنہ کرتی ہے اور تمام اداروں پر زور دیا کہ وہ ماحولیاتی قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ عوامی صحت کا تحفظ اور قدرتی ماحول کی بقا یقینی بنائی جا سکے۔





