خلیج اردو: متحدہ عرب امارات کے قومی بانڈز نے ایک روز قبل ایک منصوبہ ‘دوسری تنخواہ’ کا آغاز کیا ہے۔ یہ اپنی مرضی کے مطابق ایک بچت کی اسکیم ہے جو شہریوں اور رہائشیوں کے لیے اضافی آمدنی پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔
اماراتی نیوز ایجنسی ڈبلیو اے ایم کے مطابق، یہ اسکیم ایک طویل مدتی پروگرام کا پہلا حصہ ہے جس کا مقصد ملک میں ریٹائرمنٹ کے منصوبے فراہم کرنا ہے۔
‘دوسری تنخواہ’ اسکیم آمدنی پیدا کرنے کے لیے اپنی ضرورت کے مطابق حل پیش کرتی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ متحدہ عرب امارات کے شہری اور رہائشی مطلوبہ طرز زندگی کو برقرار رکھتے ہوئے بچت کر سکتے ہیں۔
نیشنل بانڈز کے گروپ سی ای او محمد قاسم العلی کا کہنا ہے کہ "یہ منصوبہ صارفین میں پائیدار اضافی آمدنی پیدا کرنے کے طریقوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کے باعث پیش کیا گیا۔
منصوبہ دو اہم مراحل "بچت” اور "آمدنی” پر مشتمل ہے۔
سب سے پہلے "بچت” کے مرحلے میں، صارفین تین سے 10 سال کی مدت کے لیے ہر ماہ قومی بانڈز میں رقم رکھیں گے۔
دوسرے مرحلے کے دوران، "آمدنی” کے مرحلے میں، صارفین ہر ماہ رقم نکالنا شروع کر سکتے ہیں۔ صارفین ماہانہ اپنی بنیادی سرمایہ کاری کی رقم اور کوئی بھی جمع شدہ منافع وصول کر سکتے ہیں۔
مثال کے طور پر، اگر کوئی صارف ماہانہ $1,361 (درھم 5,000) بچاتا ہے، تو وہ اگلے 10 سالوں کے لیے $2,042 (درہم 7,500) نکالنے کی توقع کر سکتا ہے۔
اسی طرح، اگر صارف پانچ سالوں کے لیے ہر ماہ $1,361 (درہم 5,000) بچاتے ہیں اور تین سال کی مدت کے اندر اپنی رقم نکالنے کا انتخاب کرتے ہیں، تو وہ اگلے تین سال کے لیے ماہانہ $2,728 (درہم 10,020) نکلوا سکتے ہیں – گویا دوگنی سے بھی زیادہ ماہانہ بچت جاصل کر سکتے ہیں۔
"دوسری تنخواہ” کا انتخاب کرنے کے لیے، صارفین کو کم از کم تین سال کی مدت کے لیے $272 (درہم 1,000) کی کم از کم ماہانہ سرمایہ کاری کرنی ہوگی۔
صارفین اپنی مخصوص مالی ضرورت جیسے کہ اسکول فیس کی ادائیگی، مکان کے لیے ادائیگی، یا سرمایہ کاری وغیرہ کے پیش نظر بچت کی رقم کو ماہانہ ادائیگی کے بجائے یکمشت حاصل کرنے کا انتخاب بھی کر سکتے ہیں۔ اسکیم کے تحت، صارفین کو نیشنل بانڈز سے انعامات اور نقد انعامات جیتنے کا موقع بھی ملے گا