خلیج اردو
انڈیا :حمل کے شک پر والدین اور بھائیوں نے 21 سالہ لڑکی کو قتل کرکے لاش کو تیزاب میں ڈال دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش کے علاقے کاؤ شمبی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں والدین نے اپنے دو بیٹوں کیساتھ ملکر اپنی ہی بیٹی کو بیدردی سے قتل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ والدین نے لڑکی کو قتل کرنے کے بعد لاش کو ناقابل شناخت بنانے کیلئے تیزاب میں ڈال دیا جسے بعد میں گاؤں کے باہر پھینک دیا۔ لڑکی کی لاش منگل کو گاؤں کے باہر ایک کنال سے ملی تھی۔
پولیس سپریٹندنٹ برجیش کمار نے بتایا کہ لڑکی کے والد نریش نے 3 فروری کو مقامی تھانے میں اپنی بیٹی کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی، جب پولیس تفتیش کیلئے انکے گھر پہنچی تو اسے وہاں قتل کے شواہد ملے۔
پولیس نے لڑکی کے والدین سے تفتیش کی تو انہوں نے اپنی بیٹی کو گلا دباکر قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔
پولیس نے بتایا کہ والدین نے اپنی بیٹی کی لاش کی شناخت کو مسخ کرنے کیلئے اس پر تیزاب ڈال دیا، لاش کو ٹھکانے لگانے میں انکے دونوں بیٹوں گلاب اور رامیش نے بھی پوری مدد فراہم کی۔
لڑکی کے والد نریش کا کہنا ہے کہ اسکی بیٹی فون پر کئی لڑکوں کے ساتھ بات کرتی تھی، جب اسکو اپنی بیٹی کے پاس سے پریگنینسی ٹیسٹ کی کٹس ملیں تو یقین ہوگیا کہ اسکا کسی لڑکے کیساتھ جسمانی تعلق ہے جس پر غصے میں آکر اسکو قتل کردیا۔
پولیس نے لڑکی ماں، والد اور دونوں بھائیوں کو قتل کے الزام میں گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔