خلیج اردو
تہران :ایران میں دفاعی تنصیبات کے لیے کام کرنے والے ایک کارخانے پر مبینہ ڈرون حملہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ اس ڈرون حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ ایران کے مرکزی شہر اصفہان میں ایک دھماکے کی آواز سنائی دی جو دراصل گولہ بارود کی فیکٹری پر ناکام ڈرون حملے کے سبب ہوئی۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان شائع کیا ہے جس کے مطابق ایران پر کیے جانے والا ڈرون حملہ فضائی دفاع کے نظام کی زد میں آگیا تھا۔ وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ دو ڈرون دفاعی جال میں پھنس کر تباہ ہوئے۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق ایران کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ حملوں کی ناکامی کی وجہ سے کوئی نقصان نہیں ہوا جب کہ ایک مقام پر چھت معمولی متاثر ہوئی۔
قبل ازیں ایران کے ذرائع ابلاغ میں اصفہان میں فوجی تنصیب کے قریب دھماکے کی خبریں نشر ہو رہی تھیں۔ یہ فوجی تنصیب گولہ بارود بنانے کا کارخانہ ہے۔ دھماکے کے بعد اس مقام پر دھواں اور روشنی دیکھی گئی تھی۔ پلانٹ کے باہر فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں اور ایمبولینس بھی موجود تھیں۔