خلیج اردو
دبئی :دبئی کے ہوائی اڈے کو 2022 میں چھ کروڑ 60 لاکھ مسافروں نے استعمال کیا، جو پچھلے سال کے مقابلے میں دوگنی سے زیادہ تعداد ہے۔
ایئرپورٹ کے چیف ایگزیکٹو کے مطابق مسافروں میں کافی حد تک تعدد روسی ہے جو کہ لڑائی کی وجہ سے دبئی کا رخ کر رہے ہیں ۔
تیل کی دولت سے مالا مال متحدہ عرب امارات کا تجارتی مرکز دبئی دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے۔
ایک بیان کے مطابق،’’2022 کے دوران کل 66,069,981 مسافردوبئی کے ہوائی اڈے پر اترے جو 127 فیصد سالانہ اضافہ بنتا ہے۔‘‘
2021 میں، تقریباً تین کروڑ مسافر دبئی سے گزرے، اور حکام کو سال 2022 میں پانچ کروڑ ستر لاکھ مسافروں کی توقع تھی،لیکن آنے والوں کی تعداد کہیں زیادہ تھی۔
سی ای او پال گریفتھس کا کہنا تھا کہ بھارت، سعودی عرب اور برطانیہ سے آنے والےمسافروں کی تعداد سر فہرست رہی، لیکن اس اضافے میں روسی مسافروں کا بھی بہت بڑا حصہ تھا ۔
انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ ایک سال پہلے جب سے، یوکرین اور روس کے درمیان کشیدگی شروع ہوئی ہے ہم نے روسی آمد و رفت میں بہت بڑا اضافہ دیکھا ہے۔
یوکرین میں روس کی جنگ کو ایک سال پورا ہونے کو ہے ،اس دوران متحدہ عرب امارات نے اپنا غیر جانبدارانہ موقف برقرار رکھا ہے۔
مغربی پابندیوں کے اثر سے فرار ہونے والے امیر روسیوں کے لیے خلیجی ملک ایک اولین منزل کے طور پر ابھرا ہے۔