عالمی خبریں

بھارت: NEET پیپر لیک پر احتجاج، مودی کا سخت قانون لانے کا اعلان، سونم وانگچک نے بھوک ہڑتال ختم کر دی

خلیج اردو
بھارت میں NEET پیپر لیک کے خلاف جاری طلبہ احتجاج میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے امتحانی پیپر لیک میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی اور فاسٹ ٹریک عدالتوں کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔

مودی نے قوم سے ویڈیو خطاب میں کہا کہ NEET پیپر لیک ایک سنگین مسئلہ ہے جس نے لاکھوں طلبہ اور ان کے خاندانوں کو متاثر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اس معاملے پر سخت قانون پارلیمنٹ میں پیش کرے گی تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

ادھر معروف سماجی کارکن سونم وانگچک نے 26 روز بعد اپنی بھوک ہڑتال ختم کر دی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے پرامن مظاہرین کے خلاف مقدمات درج نہ کرنے اور حالیہ NEET پیپر لیک سے متاثرہ خودکشی کرنے والے طلبہ کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ دینے پر مثبت پیش رفت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

دوسری جانب احتجاجی تنظیم Cockroach Janta Party (CJP) کے رہنماؤں نے وفاقی وزراء سے ملاقات کی۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ حکومت نے ان کے دو مطالبات مان لیے ہیں تاہم وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے پر مزید وقت مانگا گیا ہے۔ احتجاجی رہنماؤں نے واضح کیا ہے کہ اگر وزیر تعلیم مستعفی نہ ہوئے یا انہیں عہدے سے نہ ہٹایا گیا تو ملک گیر احتجاج کی نئی کال دی جائے گی۔

اسی دوران بھارتی وزارتِ تعلیم میں اعلیٰ سطح پر تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔ ہائر ایجوکیشن سیکریٹری ونیت جوشی کا تبادلہ کر دیا گیا ہے جبکہ نریش پال گنگوار کو ہائر ایجوکیشن سیکریٹری اور ٹی کے انیل کمار کو محکمہ اسکول ایجوکیشن کا سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ احتجاجی تنظیم نے ان تقرریوں پر بھی اعتراض کرتے ہوئے حکومت پر احتساب کے بجائے مبینہ طور پر بدعنوان عناصر کو تحفظ دینے کا الزام عائد کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button