
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں پاکستانی شہریوں کے لیے ای پاسپورٹ سروس کا آغاز تاحکمِ ثانی مؤخر کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی سفارتخانے نے اعلان کیا ہے کہ تکنیکی اور انتظامی وجوہات کے باعث 20 جولائی 2026 سے شروع ہونے والی ای پاسپورٹ سروس فی الحال مؤخر کر دی گئی ہے۔
سفارتخانے کے مطابق ای پاسپورٹ کی درخواستوں کی وصولی اور پراسیسنگ اگلے اعلان تک معطل رہے گی۔ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ مشین ریڈایبل پاسپورٹ (ایم آر پی) کی تمام خدمات معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔ نئے ایم آر پی کے اجرا اور تجدید کی درخواستوں کی وصولی اور کارروائی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
سفارتخانے نے پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ای پاسپورٹ سروس سے متعلق تازہ معلومات کے لیے سفارتخانے کی سرکاری ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نظر رکھیں۔
ای پاسپورٹ روایتی پاسپورٹ کا جدید ورژن ہے، جس میں الیکٹرانک مائیکروچِپ نصب ہوتی ہے۔ یہ چِپ پاسپورٹ ہولڈر کی ذاتی اور بایومیٹرک معلومات محفوظ رکھتی ہے، جس سے دستاویز کی سکیورٹی بہتر ہوتی ہے، شناخت کی تصدیق آسان ہوتی ہے اور کئی بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ای گیٹس کے استعمال کی سہولت بھی میسر آتی ہے۔
سفارتخانے اس سے قبل پانچ اور دس سالہ مدت کے لیے ای پاسپورٹ کی فیسوں کا بھی اعلان کر چکا تھا، تاہم سروس کے باقاعدہ آغاز کی نئی تاریخ بعد میں جاری کی جائے گی۔







