
خلیج اردو –بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اترپردیش کے شہر میرٹھ میں پیش آیا ہے جہاں ایک ڈاکٹر لئیق خان نے پولیس میں رپورٹ درج کرائی کہ دھوکے بازوں نے اسے ‘جعلی’ الہ دین کا چراغ فروخت کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر لئیق خان کی جانب سے جب مذکورہ جادو کا چراغ خریدنے کی پیشکش کی گئی تو ملزمان کی جانب سے ابتداء میں انکارکیا گیا تاہم ڈاکٹر کی جانب سے اصرار پر انہوں نے چراغ کی قیمت 3 کروڑ روپے تک لگائی اور بالآخر ملزمان ڈیڑھ کروڑ میں چراغ کی فروخت پر راضی ہوگئے۔
ڈاکٹر لئیق خان کے مطابق چراغ خریدنے سے قبل انہیں چراغ رگڑ کر اس کا جن بھی دکھایا گیا تھا اور ملزمان نے اسے کہا تھا کہ اس چراغ کی بدولت اسے خوشحالی، صحت اور دولت نصیب ہوگی تاہم چراغ کی قیمت ادا کرنے کے بعد گھر جا کر جب انہوں نے اسے رگڑا تو کچھ نہیں ہوا اور نہ ہی جن برآمد ہوا۔
پولیس نے ڈاکٹر کی شکایت پرکارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو گرفتار کرلیا ہے جب کہ پولیس حکام کے مطابق دھوکہ دہی میں ملوث ایک شخص کی بیوی فرار ہوگئی ہے جس کی تلاش جاری ہے







