
خلیج اردو
23 اپریل 2025
یورپی یونین نے امریکہ کی جانب سے چین سے تجارتی تعلقات محدود کرنے کے مطالبے کو مسترد کر دیا ہے۔ یورپی یونین کی ترجمان آریانا پوڈیسٹا نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ کسی بھی تجارتی معاہدے کی قیمت پر چین سے تعلقات میں کمی نہیں لائی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق یورپی یونین چین کی معیشت سے خود کو الگ کرنے کی پوزیشن میں نہیں اور نہ ہی وہ اس کی ضرورت محسوس کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین سے تجارتی روابط یورپی معیشت کے لیے اہم ہیں اور کسی تیسرے فریق کے کہنے پر ان تعلقات کو محدود نہیں کیا جا سکتا۔
یورپی یونین نے ایک بار پھر اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ وہ چین کے ساتھ ’ون چائنا پالیسی‘ کی حمایت جاری رکھے گی، جو اس کے دیرینہ اصولوں کا حصہ ہے۔
یہ موقف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی معاہدے پر بات چیت جاری ہے، تاہم چین سے تعلقات کا معاملہ ان مذاکرات میں ایک بڑا نکتہ بن کر سامنے آیا ہے۔







