عالمی خبریں

یمن میں خوفناک ٹریفک حادثہ، کم از کم 35 افراد جاں بحق

خلیج اردو

عدن: یمن کے جنوبی صوبے ابین میں بدھ کے روز ایک ہولناک ٹریفک حادثے میں کم از کم 35 افراد جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ ایک خطرناک پہاڑی راستے پر پیش آیا جب سعودی عرب سے واپس آنے والے مسافروں سے بھری ایک بس دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی۔

یمن کے لینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے نائب سربراہ ثناء بن ذیبان نے بتایا کہ حادثہ العرقوب پہاڑی سڑک پر پیش آیا۔ تصادم کے بعد دونوں گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں آگئیں جس سے زیادہ تر لاشیں جھلس کر ناقابلِ شناخت ہو گئیں۔ دوسری گاڑی میں سوار تین افراد بھی جھلس کر ہلاک ہوئے۔

مقامی ذرائع کے مطابق صرف سات مسافر کھڑکیاں توڑ کر شعلوں سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے۔ ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا اور لاشوں کو نکالا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی وجہ تیز رفتاری اور بریک فیل ہونا بتایا جا رہا ہے، جس کے باعث دونوں گاڑیاں آمنے سامنے ٹکرا گئیں۔

سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز میں بس اور کار کے ملبے سے شعلے اور دھواں اٹھتا دکھائی دیا۔ یہ حالیہ برسوں میں یمن کا سب سے جان لیوا ٹریفک حادثہ قرار دیا جا رہا ہے، جو ایک ماہ کے دوران تیسرا بڑا سانحہ ہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button