خلیج اردو:امریکی ارب پتی اور مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے ایک بار پھر ڈیجیٹل کرنسی اور ڈیجیٹل اثاثوں پر تنقید کرتے ہوئے انہیں دھوکا قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کاروبار ‘گریٹر فول تھیوری’ کے تحت چلتا ہے۔
گریٹر فول تھیوری کے مطابق ایک شخص کسی چیز کو اس کی اصل قیمت سے مہنگے داموں خریدتا ہے تاکہ کوئی اس سے بھی بڑا احمق اس سے یہ چیز پہلے سے بھی مہنگے داموں خرید لے۔
بل گیٹس نے امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ماحولیات پر ہونے والی کانفرنس کے دوران طنزاً کہا کہ "یقینا بندروں کی مہنگی ڈیجیٹل تصویریں دنیا کے لئے بہت فائدہ مند ثابت ہوں گی۔”
بل گیٹس اس سے پہلے بھی کرپٹو کرنسی کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔ گزشتہ برس انہوں نے ایک اور ارب پتی ایلون مسک کے ساتھ بحث کی تھی کہ بٹ کوائن ریٹیل سرمایہ کاروں کے لئے خطرناک انویسٹمنٹ ہے اور کوائن مائننگ ماحولیات کے لئے نقصان دہ ہے۔