عالمی خبریں

کورونا ویکسین لگوا لینے والے افراد کو ہی حج اور عمرے کے لیے مکہ اور مدینہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی، سعودی حکام

 

خلیج اردو آن لائن:

سعودی عرب کی حکومت تمام ممالک کے لیے تصدیق کا ایک ایسا نظام لانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جس کے ذریعے حج اور عمرے کے لیے آنے والے افراد کی تصدیق کی جا سکے گی کہ آیا وہ کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا چکے ہیں یا نہیں۔

لہذا صرف ان افراد کو حج اور عمرے کے لیے مکہ اور مدینہ میں جانے کی اجازت ہوگی جو افراد کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا چکے ہیں۔

منگل کے روز ابوظہبی میں ہوپ کنسورشیم کی پینل ڈسکشن کے دوران کے سعودی عرب کی وزارت صحت کے پبلک ہیلتھ کے انڈر سیکریٹری ڈاکٹر ہانی جوکدار نے کہا کہ سعودی عرب اس سال حج اور عمرے کے لیے تیاری کر رہا ہے اور اسی لیے سعودی حکام تمام ممالک سے یہ چاہتے ہیں کہ وہ کوئی ایسا تصدیقی کوڈ متعارف کروائیں جس سے یہ ثابت ہو سکے کہ حج کے لیے آنے والے زائرین کورونا ویکسین لگوا چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم تمام ممالک کو یہ ترغیب دیتے ہیں کہ وہ تصدیق کا ایسا پراسیس متعارف کروائیں جو سعودی عرب کے بارڈرز پر آسانی پڑھا جا سکے۔ تاکہ جو افراد ویکسین لگوا چکے ہیں وہ آسانی سے ملک میں داخل ہو سکیں اور حج یا عمرہ ادا کر سکیں۔

اس موقعے پر انہوں نے سعودی عرب کی کورونا کے خلاف جنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب 16 سال سے زائد عمر کے رہائشیوں اور شہریوں کو فائزر اور آسٹرزینیکا ویکسین مفت لگا رہا ہے۔ اور سعودی عرب اس وقت روزانہ کی بنیاد پرکورونا ویکسین کی 1 لاکھ 50 ہزار خوراکیں لگا رہا ہے۔

Source: Khaleej Times

متعلقہ مضامین / خبریں

یہ بھی چیک کریں
Close
Back to top button