خلیج اردو: امریکا کے انٹیلی جنس ادارے سی آئی اے نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو یقین ہے کہ وہ اپنی فوجی طاقت کی بدولت بالآخر یوکرین پر قبضہ کر لیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے نے سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز کے ٹی وی انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ پیوٹن نے نومبر میں ہونے والی ایک اجلاس میں جس مخصوص غرور کا مظاہرہ کیا اس سے ان کا وہ یقین ظاہر ہوتا ہے کہ وہ نہ صرف یوکرین کو تہہ و بالا کر دیں گے بلکہ ہمارے یورپی اتحادیوں پر بھی قابو پا لیں اور اس کے بعد آخرکار سیاسی معاملات معمول پر آ جائیں گے۔
برنز نے کہا کہ انہوں نے پیوٹن کے بارے میں جو اندازہ لگایا ہے وہ یہی ہے کہ جانی و مالی نقصان کے باوجود جنگ جاری رکھنے کے لیے پرعزم دکھائی دیتے ہیں اور میرے خیال میں پیوٹن کو اپنی تمام صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے کہ وہ یوکرین پر قبضہ کر لیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پوتن یوکرین کے معاملے میں امریکا کی مدد کا بھی درست اندازہ نہیں کر پا رہے اور ان کا خیال ہے کہ امریکی وقتی طور پر توجہ دیتے ہیں اور ہم بالآخر کسی اور مسئلے کی طرف بڑھ جائیں گے۔
سی آئی اے کے ڈائریکٹر کے یہ خیالات ایک ایسے موقع پر سامنے آئے ہیں کہ جب بائیڈن انتظامیہ کو یہ یقین ہے کہ چینی قیادت روس کو مہلک ترین ہتھیار دینے پر غور کر رہی ہے۔
برنز کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ ایک خطرناک اور غیردانشمندانہ قدم ہو گا اس سے دنیا کی دو بڑی معشیتوں کے درمیان تعلقات میں مزید کشیدگی آئے گی۔ اس لیے مجھے امید ہے کہ چین ایسا نہیں کرے گا۔‘
واضح رہے کہ روس یوکرین تنازع کو ایک سال ہو چکا ہے۔ گزشتہ برس 24 فروری کو روس نے پڑوسی ملک یوکرین پر حملہ کیا تھا جس کے بعد سے یہ جنگ مسلسل جاری ہے۔
اس جنگ میں امریکا اور دوسرے یورپی ممالک کو یوکرین کی حمایت حاصل ہے۔ اسی تناظر میں امریکا اور دوسرے ممالک کی جانب سے روس پر کئی پابندیاں بھی لگائیں لیکن یہ پابندیاں بھی روس کو پیچھے ہٹنے پر مجبور نہ کرسکیں۔ اس تنازع کو ایک سال مکمل ہونے پر گزشتہ دنوں امریکی صدر جو بائیڈن نے کیف کا دورہ بھی کیا تھا۔