
خلیج اردو
کابل: افغانستان کے شہر مزار شریف اور گردونواح میں 6.3 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق اور 260 سے زائد زخمی ہو گئے۔ زلزلے سے درجنوں مکانات اور عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح کے اوقات میں آیا، جس کے جھٹکے قریبی صوبوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ امدادی ٹیموں کو متاثرہ علاقوں میں بھیج دیا گیا ہے تاکہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالا جا سکے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔






