
خلیج اردو
مانچسٹر: برطانوی شہر مانچسٹر کے سٹی سینٹر میں پیر کے روز شدید آگ بھڑک اٹھی جس نے متعدد عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ اکسفورڈ روڈ ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع ایک پریس کی عمارت میں لگی جس کے بعد اس نے تیزی سے پھیلتے ہوئے قریبی عمارتوں کو بھی متاثر کیا۔
ریسکیو اداروں کے مطابق فائر بریگیڈ کے 100 سے زائد اہلکار اور درجنوں فائر ٹینڈرز آگ بجھانے کے لیے موقع پر پہنچے اور کئی گھنٹوں تک کارروائی جاری رکھی۔ متاثرہ علاقے کے اردگرد رہائشی عمارتوں سے تمام افراد کو بروقت اور محفوظ طریقے سے نکال لیا گیا۔
فائر اینڈ ریسکیو سروسز نے بتایا کہ آگ کی نوعیت خطرناک تھی لیکن ریسپانس تیز ہونے کے باعث جانی نقصان سے بچا گیا۔ حکام نے شہریوں سے متاثرہ علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
مقامی پولیس نے عمارت کے گرد علاقوں کو سیل کر دیا ہے جبکہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔