عالمی خبریں

شنگھائی تعاون تنظیم میں بھارت کو سفارتی محاذ پر ایک اور شکست، مشترکہ اعلامیہ پر دستخط سے انکار

خلیج اردو
بیجنگ:شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں بھارت کو ایک اور سفارتی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جب رکن ممالک نے بھارتی پروپیگنڈے کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ اجلاس میں بھارت نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا، جس میں نہ صرف پہلگام واقعے کا ذکر شامل نہیں کیا گیا بلکہ بھارت پر بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کے الزامات بھی عائد کیے گئے۔

بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے شکایت کی گئی کہ اعلامیے میں بھارت کے مفروضہ مؤقف کو شامل نہیں کیا گیا، جبکہ دیگر رکن ممالک نے زور دیا کہ ایس سی او کو کسی ملک کے جھوٹے بیانیے کا پلیٹ فارم نہیں بننے دینا چاہیے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت، انسانی بحران اور ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں فوری اور مستقل جنگ بندی ناگزیر ہے جبکہ افغانستان میں پائیدار امن علاقائی خوشحالی اور روابط کے فروغ کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ، ایس سی او چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری کرتا ہے، اور خطے میں امن، انسداد دہشت گردی اور شراکتی تعاون کو فروغ دینے میں پرعزم ہے۔

اس سے قبل پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم ملک نے بھارتی ہم منصب اجیت دوول کی تقریر کا دوٹوک جواب دیا۔ اجیت دوول نے "آپریشن سندور” کو دہشت گردوں کے خلاف کارروائی قرار دیتے ہوئے پاکستان پر الزامات عائد کیے، تاہم جنرل (ر) عاصم ملک نے مدلل اور ٹھوس دلائل کے ساتھ بھارتی بیانیے کو جھوٹ کا پلندا قرار دے کر مسترد کر دیا۔

جنرل عاصم ملک کی مؤثر اور زوردار تقریر کے بعد اجیت دوول خاموش ہو گئے اور بھارتی وفد بظاہر پریشانی کا شکار نظر آیا۔ اجلاس کے اختتام پر پاکستان کی پوزیشن کو خطے میں امن کے لیے تعمیری اور سنجیدہ قرار دیا گیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button