
خلیج اردو
نیویارک:پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی آئندہ ماہ ہونے والی صدارت کے دوران عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گو تریس سے ملاقات میں صدارت کے دوران متوقع پروگرام اور ترجیحات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ملاقات میں مشرق وسطیٰ، افریقہ، یورپ، ایشیا اور لاطینی امریکہ میں جاری بحرانوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ امن مشنز کے کردار اور ان کی مؤثریت پر بھی گفتگو ہوئی۔ عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی سفارتکاری کو عالمی مسائل کے حل کا کلیدی ذریعہ سمجھتا ہے اور اجتماعی کاوشوں کے ذریعے دیرپا امن کا خواہاں ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے درمیان مشاورت، شفافیت اور تعاون پر مبنی قیادت کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ سلامتی کونسل کی صدارت ایک بڑی ذمہ داری ہے جسے پاکستان ذمہ داری اور وقار کے ساتھ ادا کرے گا۔
پاکستانی مندوب نے سیکرٹری جنرل کی عالمی امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے اقوام متحدہ کے منشور اور اصولوں کی پاسداری کرتا آیا ہے اور آئندہ بھی کرے گا۔






