
خلیج اردو
ریاض:مہینوں کی قیاس آرائیوں کے بعد پرتگالی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے بالآخر تمام افواہوں کا خاتمہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ سعودی پرو لیگ کلب النصر کے ساتھ ہی اپنے فٹبال کیریئر کو جاری رکھیں گے۔ 40 سالہ عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی نے النصر کے ساتھ مزید دو سال کے لیے نیا معاہدہ کر لیا ہے۔
رونالڈو کے مستقبل پر مسلسل چہ مگوئیاں جاری تھیں، خاص طور پر جب فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے 2025 میں امریکہ میں ہونے والے فیفا کلب ورلڈ کپ میں رونالڈو کی ممکنہ شرکت کا عندیہ دیا تھا۔ اس ایونٹ میں کئی بڑی ٹیمیں شریک ہوں گی جنہوں نے رونالڈو کو معاہدے کی پیشکش بھی کی، لیکن سپر اسٹار نے اپنی وفاداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے النصر کو ہی ترجیح دی۔
The Story continues.. 🐐 💛
pic.twitter.com/XV8WoOREeB— AlNassr FC (@AlNassrFC_EN) June 26, 2025
رونالڈو نے معاہدے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “النصر ہمیشہ کے لیے!” ان کے اس بیان سے واضح ہے کہ وہ نہ صرف کلب کے لیے پُرعزم ہیں بلکہ سعودی عرب میں اپنے فٹبال کیریئر کو ایک نئے جذبے کے ساتھ آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔
یہ معاہدہ نہ صرف النصر بلکہ سعودی پرو لیگ کے لیے بھی بڑی خبر ہے، کیونکہ رونالڈو کی موجودگی بین الاقوامی سطح پر لیگ کی مقبولیت میں مزید اضافہ کرے گی۔







