عالمی خبریں

اسرائیل کا ایران کے اراک ہیوی واٹر ری ایکٹر پر حملہ، تابکاری کا کوئی خطرہ نہیں: ایرانی میڈیا

خلیج اردو
تہران: مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، اسرائیل نے ایران کے اہم جوہری تنصیب اراک ہیوی واٹر ری ایکٹر پر فضائی حملہ کیا ہے۔ ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق، حملے سے قبل تنصیب کو خالی کرا لیا گیا تھا، اور تابکاری کے کسی خطرے کی تردید کی گئی ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے اس حملے سے قبل بین الاقوامی سطح پر عندیہ دے دیا تھا کہ وہ اس تنصیب کو نشانہ بنا سکتا ہے، اور مقامی آبادی کو بھی بروقت علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فضائی کارروائی کے دوران صرف اراک ری ایکٹر ہی نہیں بلکہ تہران اور ایران کے دیگر کئی اہم علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ فوجی ذرائع کے مطابق ان حملوں کا مقصد ایران کے جوہری اور عسکری بنیادی ڈھانچے کو محدود کرنا ہے۔

تاحال ایران کی جانب سے اسرائیلی حملے کے بعد کسی جوابی کارروائی کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم ایرانی حکام نے جوہری تنصیب پر حملے کو "خطرناک اشتعال انگیزی” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

خطے میں تناؤ بڑھتا جا رہا ہے اور عالمی طاقتیں صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) سے فوری ردعمل کی توقع کی جا رہی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button