عالمی خبریں

غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے مزید 30 فلسطینی شہید، 20 قیدی جاں بحق، اقوام متحدہ اور یونیسیف کا سنگین خدشات کا اظہار

خلیج اردو
غزہ: اسرائیلی فورسز کی وحشیانہ دہشت گردی تھم نہ سکی، تازہ حملوں میں مزید 30 فلسطینی شہید ہو گئے، جبکہ اسرائیلی فوجی کارروائیوں سے 20 فلسطینی قیدی ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی اخبار ’ہارٹز‘ نے انکشاف کیا ہے کہ 54 قیدی شدید زخمی حالت میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں، جن میں سے بعض براہ راست اسرائیلی بمباری کا نشانہ بنے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع نے حماس کو سخت دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس نے امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے دیئے گئے جنگ بندی معاہدے کو تسلیم نہ کیا تو اسے صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تباہی حماس کا مقدر بنے گی اگر وہ معاہدے سے انکار کرتی ہے۔

اس بیان کے جواب میں حماس کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ امریکی جنگ بندی منصوبہ نہ تو جنگ کے مکمل خاتمے کی ضمانت دیتا ہے اور نہ ہی فلسطینی عوام کے بنیادی مطالبات پورے کرتا ہے۔ حماس نے عرب اور مسلم ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کے لیے امدادی قافلے بھیجیں۔

اقوام متحدہ نے غزہ کو دنیا کی سب سے زیادہ بھوکی جگہ قرار دیا ہے، جبکہ یونیسیف کے مطابق ہر 20 منٹ میں ایک بچہ شہید ہو رہا ہے، جس سے صورتحال کی ہولناکی مزید بڑھ گئی ہے۔

مزید برآں اطلاعات ہیں کہ سعودی وزیر خارجہ کی قیادت میں عرب ممالک کے وفد کا کل کا شیڈول دورہ رام اللہ ملتوی کر دیا گیا ہے، تاہم اس کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button