خلیج اردو
تل ابیب:اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے لبنانی حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی کی اصولی منظوری دیدی،،جلد جنگ بندی کا اعلان متوقع ہے۔
سی این این کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی کی اصولی منظوری دیدی ہے اور وہ اس حوالے سے جلد عوام کو اعتماد میں لیں گے ۔
حزب اللہ نے گزشتہ ہفتے کچھ ترامیم کے ساتھ پیشکش کا جواب دے دیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگ بندی تین مراحل پر مشتمل ہوگی ،پہلے مرحلے میں 60 دن کی جنگ بندی کے دوران حزب اللہ فورسز دریائے لاطینی کے پار چلی جائیں گی۔
معاہدے کے مطابق اسرائیلی فورسز لبنان خالی کردیں گی،جس کے بعد اسرائیل اور لبنان سرحد کے تعین پر مذاکرات ہونگے۔
لبنانی ڈپٹی سپیکرالیاس بو صعب کہتے ہیں ساٹھ روزہ جنگ بندی کی راہ میں اب کوئی خاص رکاوٹ نہیں،امریکہ اور فرانس سمیت 5 ممالک پر مشتمل کمیٹی جنگ بندی کو مانیٹر کرے گی۔
اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر کا کہنا ہے سرحد پر تعینات لبنانی فوج جنگ بندی کو قائم رکھنے میں ناکام ہوئی تو اسرائیل جواب دے گا ۔۔اسرائیل اقوام متحدہ امن فوج سے رابطے میں رہے گا
اسرائیل نے ستمبر کے وسط میں لبنان میں ایک بڑی فوجی کارروائی کا آغاز کئی مہینوں کے سرحدی حملوں کے بعد شروع کیا تھا جو پچھلے سال 8 اکتوبر کو شروع ہوا تھا جب حزب اللہ نے غزہ میں حماس اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اسرائیل کے زیر کنٹرول علاقے پر حملہ کیا تھا۔
اس کے بعد سے، اسرائیل نے زمینی حملہ کیا، حزب اللہ کے کئی رہنماؤں کو ہلاک کر دیا – جس میں اس کے بانی حسن نصر اللہ بھی شامل ہیں- اور پھٹنے والے پیجرز والے حملے میں ہزاروں افراد کو زخمی کر دیا۔