
خلیج اردو
نیویارک:پاکستان نے اقوام متحدہ میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد مسترد ہونے کو عالمی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دے دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ جنگ بندی کی قرارداد مسترد ہونے سے دنیا کو ایک خطرناک پیغام جائے گا اور سکیورٹی کونسل کی ناکامی کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ "زمین پر غزہ کا حال جہنم سے بھی بدتر ہو چکا ہے، حالات دن بہ دن بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں، اور اب تک 54 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ یہ مسئلہ صرف انسانی نہیں بلکہ انسانیت کی مکمل تباہی کی تصویر ہے۔”
پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ اسرائیل مسلسل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور عالمی برادری کی خاموشی اسے مزید ظلم پر اُکسا رہی ہے۔ پاکستان نے ایک بار پھر فلسطینی عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔






