عالمی خبریں

صدر ٹرمپ کا ایک ہفتے بعد طوفان زدہ ٹیکساس کا دورہ، تاخیر پر شدید تنقید، صحافیوں سے تلخ جملوں کا تبادلہ

خلیج اردو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طوفان سے متاثرہ ریاست ٹیکساس کا ایک ہفتے بعد دورہ کیا اور وہاں جاری بحالی کے کاموں میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تاہم، دورے میں تاخیر پر صدر کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

دورے کے دوران ایک صحافی نے صدر ٹرمپ سے سوال کیا کہ اگر بروقت اقدامات کیے جاتے تو کیا جانیں بچائی جا سکتی تھیں؟ اس پر ٹرمپ نے پہلے نرمی سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ "میرے خیال میں سب نے صورتحال کے مطابق شاندار کام کیا”، لیکن فوراً بعد رپورٹر پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "صرف ایک برا انسان ہی ایسا سوال پوچھ سکتا ہے اور صرف ایک شیطان صفت شخص ایسا سوال اٹھا سکتا ہے”۔

صحافی سے تلخ جملوں کا تبادلہ ختم ہوتے ہی ٹرمپ نے ایک حامی میڈیا ادارے کے نمائندے سے سوال لیا، جس نے ان کے دورے پر شکریہ ادا کیا۔ صدر ٹرمپ نے مسکراتے ہوئے کہا: "یہ ایک اچھا رپورٹر ہے اور یہ ایک اچھا سوال ہے”۔

ٹیکساس میں حالیہ طوفانی بارشوں اور شدید سیلاب نے تباہی مچا دی، ہلاکتوں کی تعداد 121 تک جا پہنچی جبکہ کئی افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق طوفان سے بنیادی ڈھانچے کو 18 سے 22 ارب ڈالر کا نقصان پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button