
خلیج اردو
احمد آباد میں پیش آنے والے ایئر انڈیا طیارہ حادثے کی ابتدائی رپورٹ منظر عام پر آ گئی، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ حادثہ ایندھن کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق، طیارہ فضا میں بلند ہوتے ہی اچانک ایندھن کنٹرول کرنے والے دونوں سوئچ بند ہو گئے، جس کے نتیجے میں انجن بند ہو گئے اور جہاز نیچے آنا شروع ہو گیا۔ اس موقع پر ریکارڈنگ میں ایک پائلٹ نے دوسرے پائلٹ سے پوچھا کہ اُس نے فیول کٹ آف کیوں کیا؟ جس پر دوسرے پائلٹ نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ "میں نے ایسا نہیں کیا”۔
ابتدائی رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ سوئچ خود بخود بند کیسے ہوئے اور نہ ہی اس بارے میں کوئی حتمی وجہ بیان کی گئی ہے۔ رپورٹ میں بوئنگ کمپنی یا انجن بنانے والے ادارے کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کی سفارش نہیں کی گئی۔
تحقیقات کرنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ حادثے کی مکمل وجوہات جاننے میں ایک سال سے زائد کا وقت لگ سکتا ہے۔
یہ حادثہ جون میں پیش آیا تھا، جس میں ایئر انڈیا کے لندن جانے والے مسافر طیارے کو پیش آنے والے سانحے میں 260 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔







