عالمی خبریں

شارجہ میں 35 سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں 60 فیصد سے زائد کام مکمل

 

خلیج اردو

شارجہ: شارجہ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (SRTA) نے مشرقی علاقوں میں 35 بڑے سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر کام جاری رکھا ہوا ہے جن کا مقصد ٹرانسپورٹ کی کارکردگی بہتر بنانا، ٹریفک کے دباؤ میں کمی لانا اور محفوظ، جدید و ماحول دوست انفراسٹرکچر کے ذریعے شہریوں کی زندگی کے معیار کو بلند کرنا ہے۔

امارات الیوم کے مطابق اب تک ان منصوبوں کا 60 فیصد سے زائد حصہ مکمل ہو چکا ہے، اور بیشتر منصوبے رواں سال کے اختتام تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔

اتھارٹی کے چیئرمین انجینئر یوسف خمیس العثمانی نے بتایا کہ منصوبوں میں مرکزی شاہراہوں کی توسیع، پلوں اور اسمارٹ انٹرسیکشنز کی تعمیر، اور رہائشی و پہاڑی سڑکوں کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔ اب تک 74.4 کلومیٹر سڑکیں تعمیر یا جدید معیار کے مطابق اپ گریڈ کی جا چکی ہیں، جس سے امارت کے مختلف شہروں کے درمیان سفر کا وقت نمایاں طور پر کم ہوا ہے۔

ان کے مطابق مستقبل میں شاہراہوں کے نیٹ ورک کو شہری ترقی کے مطابق بڑھانے، پرانے علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو اپ ڈیٹ کرنے، اور اسمارٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کو مزید وسعت دینے کے منصوبے شامل ہیں تاکہ آمدورفت کی کارکردگی میں بہتری اور عوامی خدمات میں اضافہ ہو۔

مکمل ہونے والے منصوبوں میں کلبا اور وادی الحلو کو ملانے والی سڑک، الرفیصہ ڈیم تک رسائی کے راستے، اور خورفککان میں لولیہ بیچ کی ترقی شامل ہے جس میں 750 میٹر طویل سڑک، 226 پارکنگ مقامات اور ماہی گیروں کے لیے کشتیوں کا مخصوص علاقہ بنایا گیا ہے تاکہ سیاحت اور سمندری سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔

انجینئر العثمانی نے بتایا کہ یہ تمام منصوبے رکنِ اعلیٰ کونسل اور حاکمِ شارجہ، شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی کی ہدایات کے تحت ایک جامع ترقیاتی حکمت عملی کے حصے کے طور پر مکمل کیے جا رہے ہیں۔ موجودہ منصوبوں میں دو طرفہ شاہراہوں، بڑے جنکشنز، اور جدید داخلی و خارجی راستوں کی تعمیر شامل ہے جو تیز رفتار شہری و آبادیاتی اضافے کی ضروریات کو پورا کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ مشرقی خطے میں پہاڑی علاقے، شدید بارشیں اور سیلاب جیسے چیلنجز کے باعث جدید انجینئرنگ حل اپنائے گئے تاکہ سڑکوں کی پائیداری اور صارفین کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

اتھارٹی نے “گرین ٹریفک” نامی ایک اسمارٹ سسٹم بھی متعارف کرایا ہے جو سینسرز کے ذریعے ٹریفک کی روانی کو خودکار انداز میں منظم کرتا ہے اور سگنل کے اوقات کو حالات کے مطابق ایڈجسٹ کرتا ہے۔ اس نظام سے کاربن اخراج میں کمی اور فضائی معیار میں بہتری کی توقع ہے۔

العثمانی کے مطابق یہ اقدام ٹریفک مینجمنٹ کے میدان میں ایک بڑی پیشرفت ہے جو رش کے اوقات میں ٹریفک جام کو کم کرے گا اور شارجہ کے اسمارٹ اور ماحول دوست شہروں کی طرف سفر میں مدد دے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button