
خلیج اردو
لندن: دنیا کا سب سے قیمتی بیت الخلا نیلامی کے لیے پیش کیا جا رہا ہے، جو خالص سونے سے تیار کیا گیا ہے اور جس کی ابتدائی قیمت 1 کروڑ امریکی ڈالر رکھی گئی ہے۔
بین الاقوامی نیلام گھر سوذبیز نے اعلان کیا ہے کہ اطالوی فنکار موریسیو کیٹیلان کے تیار کردہ اس سنہری بیت الخلا، جسے "امریکا” کا نام دیا گیا ہے، کو 18 نومبر کو نیویارک میں نیلام کیا جائے گا۔ نیلامی گھر کے مطابق یہ فن پارہ "فن تخلیق اور اشیاء کی تجارتی قدر کے درمیان تصادم” پر ایک گہرا تبصرہ ہے۔
یہ ایک مکمل فعال بیت الخلا بھی ہے جو 101.2 کلوگرام (223 پاؤنڈ) خالص سونے سے بنایا گیا ہے۔ فنکار کے مطابق یہ فن پارہ دولت کی غیر ضروری نمائش اور امارت کی مضحکہ خیز علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "چاہے آپ 200 ڈالر کا لنچ کھائیں یا 2 ڈالر کا ہاٹ ڈاگ، نتیجہ بیت الخلا میں ایک ہی ہوتا ہے۔”
یہ فن پارہ 2016 میں تخلیق کیا گیا اور اس کی دو نقول بنائی گئیں۔ ایک کو نیویارک کے گوگن ہائم میوزیم میں نمائش کے لیے رکھا گیا تھا، جہاں 1 لاکھ سے زائد افراد نے اسے قریب سے دیکھا۔ بعد ازاں 2019 میں یہ انگلینڈ کے بلنہیم پیلس میں نمائش کے دوران چوری کر لیا گیا تھا۔ دو افراد کو اس جرم میں سزا ہو چکی ہے، تاہم بیت الخلا اب تک بازیاب نہیں ہو سکا۔
دوسری نقل جو 2017 سے ایک نامعلوم خریدار کی ملکیت ہے، اب نیلامی کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔ نیویارک میں سوذبیز کے نئے ہیڈکوارٹر بریور بلڈنگ میں 8 نومبر سے اس کی نمائش شروع ہوگی۔







