
خلیج اردو
واشنگٹن: (15 مارچ 2025)
امریکی دفتر خارجہ کے سابق افسر اینڈریو ملر نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو یہودیوں کی کوئی پروا نہیں اور فلسطینی طالبعلم محمد خلیل کی غیر قانونی حراست یہودیوں کے تحفظ کے لیے نہیں، بلکہ آزادیٔ اظہار پر سخت پابندیاں عائد کرنے کی ایک کڑی ہے۔
اینڈریو ملر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر لکھا کہ محمد خلیل کی گرفتاری کا اصل مقصد مستقبل میں آزادیٔ اظہار پر مزید سخت حملے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا، "بدقسمتی سے ہم ایک ایسے راستے پر ہیں جو تقاریر پر پابندی کی طرف جاتا ہے۔ ایسے حملے ہمیشہ کمزور طبقات کے اظہارِ رائے کو دبانے سے شروع ہوتے ہیں اور پھر سب کو اپنی لپیٹ میں لے لیتے ہیں۔”
محمد خلیل، جو کولمبیا یونیورسٹی کے طالبعلم ہیں، کو اسرائیل کے خلاف احتجاج آرگنائز کرنے پر یونیورسٹی انتظامیہ نے نہ صرف تعلیمی ادارے سے نکالنے بلکہ ملک بدر کرنے کا بھی حکم جاری کر دیا ہے۔