
خلیج اردو
کراچی: (15 مارچ 2025)
ماڈل اور اداکارہ نادیہ حسین کے خلاف ایف آئی اے آفیسر پر رشوت طلبی کا الزام عائد کرنے کے معاملے پر ایف آئی اے نے ان کے گھر چھاپہ مارا۔ حکام کے مطابق اداکارہ کا موبائل تحویل میں لے لیا گیا ہے اور ٹیکنیکل ٹیم اس کا فرانزک کرے گی۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر فی الحال کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا، تاہم نادیہ حسین کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ادارے کے مطابق ایک جعل ساز نے ایف آئی اے آفیسر کی تصویر لگا کر نادیہ حسین کو کال کی اور رشوت مانگی، لیکن اداکارہ نے ایف آئی اے میں شکایت درج کرانے کے بجائے سوشل میڈیا پر بیان جاری کر دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ نادیہ حسین کو تمام حقائق فراہم کیے جانے کے باوجود انہوں نے سوشل میڈیا پر جھوٹا الزام لگایا، جبکہ کسی بھی فرد کو بغیر ثبوت اور شواہد کے بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
دوسری جانب بینک الفلاح سیکیورٹیز میں 540 ملین روپے کی خرد برد کا معاملہ سامنے آنے پر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے سابق سی ای او عاطف محمد خان کو 8 مارچ 2025 کو گرفتار کر لیا تھا۔