عالمی خبریں

میں کیا کرنا چاہتا ہوں، یہ کوئی نہیں جانتا، اور شاید میں خود بھی نہیں جانتا کہ یہ سب کب تک چلے گا،ٹرمپ کی ایران سے متعلق غیر واضح پالیسی، "ابھی بھی ڈیل ممکن ہے”

خلیج اردو
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ اب بھی کوئی ڈیل ممکن ہے اور مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے گئے۔ اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران پر حملوں سے متعلق تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران جوہری ہتھیاروں کے حصول سے صرف چند ہفتوں کی دوری پر تھا، اور امریکہ اس بات کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گا۔ ٹرمپ نے کہا: "ہم نہیں چاہتے کہ ایران کے ہاتھ جوہری ہتھیار لگیں، اور ہماری تمام حکمت عملی اسی کو روکنے پر مرکوز ہے۔”

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ "میں کیا کرنا چاہتا ہوں، یہ کوئی نہیں جانتا، اور شاید میں خود بھی نہیں جانتا کہ یہ سب کب تک چلے گا۔” انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے دفاعی نظام کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے، اور اب ان کے پاس فضائی دفاع باقی نہیں رہا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا: "آج بھی ایران کے لیے میرا پیغام وہی ہے: غیر مشروط سرنڈر۔” ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی عسکری کارروائی نے ایران کی دفاعی صلاحیت کو مفلوج کر دیا ہے۔

ٹرمپ نے اس سے پہلے بھی عندیہ دیا تھا کہ "آنے والا ہفتہ اہم ہوگا، اور ممکن ہے اس سے پہلے ہی کوئی بڑی کارروائی ہو۔” تاہم اب وہ نرم لہجے میں سفارتی دروازے کھلے رکھنے کا اشارہ دے رہے ہیں، جس سے خطے میں جاری کشیدگی کے باوجود مذاکرات کی امید باقی ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق ٹرمپ کا متضاد بیانیہ اس بات کی علامت ہے کہ امریکہ داخلی اور خارجی سطح پر شدید دباؤ کا شکار ہے، اور ایک بڑی جنگ سے گریز کے لیے مختلف آپشنز پر غور جاری ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button