Uncategorized

ایران، فلسطین اور شام ہمارے فطری اتحادی ہیں، پاکستان کو کھل کر ایران کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے: مولانا فضل الرحمان

خلیج اردو
اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے حکومت کی خارجہ پالیسی، ایران اسرائیل جنگ اور ملکی داخلی صورتحال پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو ایران، فلسطین، لبنان اور شام جیسے ممالک کے ساتھ کھل کر کھڑا ہونا چاہیے کیونکہ یہ ایک دوسرے کے فطری اتحادی ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ "اسرائیل مسلسل شام، لبنان اور ایران پر حملے کر رہا ہے، اور ہمیں فلسطین و اہل غزہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی میں کوئی جھجک نہیں رکھنی چاہیے۔” انہوں نے خبردار کیا کہ دشمن قوتیں مسلم ممالک کی ایٹمی صلاحیتوں کو کمزور کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔

بھارت کے حوالے سے مولانا کا کہنا تھا کہ "مودی ایک مسلم دشمن شخص ہے جسے عالمی سطح پر تحفظ حاصل ہے۔ یہ جنگ پاکستان اور بھارت کے درمیان نہیں بلکہ مودی کی ذاتی جنگ تھی۔”

انہوں نے حکومت پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "دو صوبوں میں حکومتی رٹ موجود نہیں، ایسے میں بجٹ پر جشن منانا بے معنی ہے۔ ہر حکومت اپنے بجٹ کو عوام دوست قرار دیتی ہے، لیکن اس بار عوام کی رائے مایوس کن اور ناقدانہ ہے۔”

ایوان میں خطاب کے بعد مولانا فضل الرحمان نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی اور ایران اسرائیل جنگ کے حوالے سے اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں، اور پاکستان کو واضح، دوٹوک اور اسلامی مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button