
خلیج اردو
واشنگٹن: سعودی عرب کے وزیر دفاع خالد بن سلمان – جو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے چھوٹے بھائی ہیں – گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں اعلیٰ امریکی حکام سے اہم مذاکرات کے لیے موجود تھے، جہاں انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر دفاع پیٹر ہیگستھ سے ملاقاتیں کیں۔
ملاقات کے بعد سعودی وزیر دفاع نے کہا کہ دونوں جانب نے تزویراتی تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر بات چیت کی، جبکہ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ٹرمپ انتظامیہ کے مطابق اس وقت سب سے اہم معاملہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی کو آگے بڑھانا ہے، اور صدر ٹرمپ کا خیال ہے کہ غزہ جنگ بندی کے بعد یہ ہدف مزید قریب ہو گیا ہے۔ تاہم سعودی عرب واضح کر چکا ہے کہ کسی بھی معاہدے کے لیے فلسطینی ریاست کے قیام کی ’’قابل اعتماد‘‘ اور ’’ناقابل واپسی‘‘ راہ ضروری ہے، جو موجودہ غزہ منصوبے میں تاحال شامل نہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان منگل کو دفاعی تعاون کا ایک معاہدہ طے پانے کی توقع ہے، تاہم یہ مکمل دفاعی معاہدہ نہیں ہوگا کیونکہ باضابطہ دفاعی معاہدے کے لیے امریکی کانگریس کی منظوری ضروری ہوتی ہے۔






