
خلیج اردو
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا تیسری دنیا کے ممالک سے ہونے والی امیگریشن کو عارضی نہیں بلکہ مستقل طور پر روک دے گا تاکہ امریکی نظام کو بحالی کا موقع مل سکے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق موجودہ صورتحال میں ملک کے وسائل اور امیگریشن سسٹم پر دباؤ بڑھ چکا ہے، اس لیے وقتی وقفہ نہیں بلکہ واضح اور سخت پالیسی کی ضرورت ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا میں غیر قانونی طور پر آنے والے افراد مشکلات پیدا کرتے ہیں اور سیکیورٹی کے لیے خطرات بڑھاتے ہیں۔ واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی سیکیورٹی اہلکار ملک کی خدمت کر رہے ہیں، جبکہ امریکا کے پاس دنیا کی مضبوط ترین فوج اور جدید دفاعی آلات موجود ہیں۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ حکام کے ساتھ غیر قانونی تارکینِ وطن سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ دیر قبل مزید بی ٹو بمبار طیاروں کا بڑا آرڈر جاری کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق امریکی بی ٹو طیاروں نے حال ہی میں 37 گھنٹے طویل پرواز کر کے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔ صدر ٹرمپ نے بی ٹو طیاروں کے پائلٹس سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پائلٹس ٹام کروز کی طرح جرات مند اور شاندار ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وینزویلا کو حد میں رکھنے کے لیے جلد کارروائی شروع کی جائے گی۔ صدر ٹرمپ نے بتایا کہ گزشتہ روز ہونے والے حملے میں زخمی ہونے والی نیشنل گارڈ کی اہلکار دم توڑ گئی، جبکہ دوسرا اہلکار شدید زخمی حالت میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گرفتار افغان شہری وہی شخص ہے جو 2021 میں بائیڈن کے دورِ صدارت میں امریکا آیا تھا۔







