
خلیج اردو
سیبو: فلپائن کے وسطی علاقوں میں سمندری طوفان "کالمیگی” کے باعث شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور ہزاروں لوگ پھنس گئے ہیں۔ حکام کے مطابق طوفان کے ساتھ آنے والی بارشوں نے صوبائی دارالحکومت سیبو سٹی اور ملحقہ علاقوں کو بری طرح متاثر کیا۔
محکمہ موسمیات کی ماہر چارمین واریلا کے مطابق طوفان کے زمین سے ٹکرانے سے قبل 24 گھنٹوں میں سیبو کے علاقے میں 183 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو پورے مہینے کی اوسط 131 ملی میٹر سے کہیں زیادہ ہے۔
سیبو جزیرے کے کئی قصبے زیر آب آگئے، جبکہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں گاڑیاں، ٹرک اور بڑے شپنگ کنٹینرز کو مٹیالے پانی میں بہتے دیکھا گیا۔
صوبائی گورنر پامیلہ باریکواترو نے فیس بک پر جاری بیان میں کہا کہ "سیبو کی صورتحال واقعی غیر معمولی ہے، ہمیں خدشہ تھا کہ تیز ہوائیں نقصان پہنچائیں گی، مگر اصل خطرہ پانی سے پیدا ہوا ہے۔ سیلابی صورتحال تباہ کن ہے۔”
مقامی آفاتِ قدرتی انتظامیہ کی اہلکار ایتھل میونوزا کے مطابق دو بچوں کی لاشیں سیبو سٹی سے ملی ہیں، جہاں امدادی ٹیمیں اب بھی پھنسے ہوئے شہریوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
دیگر علاقوں میں بھی تین ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں لیٹے صوبے میں ایک بزرگ شخص شامل ہے جو گھر کی بالائی منزل میں ڈوب گیا، جبکہ بوہول میں ایک شخص درخت گرنے سے جاں بحق ہوا۔







