عالمی خبریں

نیپال کے سرحدی شہر میں مسجد کی توڑ پھوڑ، کشیدگی کے بعد بھارت نے سرحد سیل کر دی

خلیج اردو

دبئی: بھارت سے متصل جنوبی نیپال کے علاقوں میں فرقہ وارانہ کشیدگی شدت اختیار کر گئی ہے، جس کے بعد ہائی سیکیورٹی الرٹ نافذ کرتے ہوئے بھارت نے نیپال کے ساتھ زمینی سرحد بند کر دی ہے۔ نیپال کے ضلع پارسا کے شہر بیرگنج میں سوشل میڈیا پر مبینہ مذہبی مواد پر مشتمل ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد احتجاج شروع ہوا، جو بعد ازاں پرتشدد شکل اختیار کر گیا۔

حکام کے مطابق بیرگنج، جو بھارتی ریاست بہار کے شہر رکسول کے قریب واقع ہے، میں حالات بگڑنے پر ضلعی انتظامیہ نے کرفیو نافذ کر دیا۔ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر بھارتی حکام نے بھارت۔نیپال سرحد سیل کر دی ہے، جہاں اب صرف ہنگامی خدمات کو آمد و رفت کی اجازت دی جا رہی ہے۔

کشیدگی اس وقت شروع ہوئی جب نیپال کے ضلع دھانوشا کی کمالا میونسپلٹی سے تعلق رکھنے والے دو افراد، حیدر انصاری اور امانت انصاری، پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے ایک ایسی ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں بعض مذہبی حلقوں کے نزدیک توہین آمیز مواد موجود تھا۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد دھانوشا اور پڑوسی ضلع پارسا میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے۔ بعد ازاں مقامی افراد نے دونوں افراد کو قابو میں لے کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

صورتحال اس وقت مزید سنگین ہو گئی جب کمالا کے علاقے سکھوا مرن میں ایک مسجد کی توڑ پھوڑ کی گئی، جس کے بعد بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہروں کے دوران بعض ہندو تنظیموں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ ان کے دیوتاؤں کے خلاف نازیبا ریمارکس کیے گئے، جس سے حالات مزید خراب ہو گئے۔

احتجاج کے دوران مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور ایک مقامی پولیس اسٹیشن میں توڑ پھوڑ کی، جس کے بعد حالات پر قابو پانے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کے متعدد شیل فائر کیے اور بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ بیرگنج میں کرفیو برقرار ہے جبکہ سیکیورٹی ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

کشیدگی کے باعث بھارت۔نیپال سرحد پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ سشستر سیما بل نے سرحدی نقل و حرکت معطل کرتے ہوئے صرف ہنگامی بنیادوں پر آمد و رفت کی اجازت دی ہے۔ میتری پل سمیت دیگر سرحدی مقامات پر خصوصی نگرانی جاری ہے جبکہ ڈاگ اسکواڈز بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔

حالات خراب ہونے کے بعد نیپال میں کام کرنے والے کئی بھارتی مزدور وطن واپس لوٹنے لگے ہیں۔ بیرگنج سے واپسی کرنے والے ایک بھارتی شہری نے بتایا کہ شہر میں تمام دکانیں اور بازار بند ہیں اور حالات معمول پر آنے تک وہاں رکنے کا کوئی فائدہ نہیں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button