عالمی خبریں

ایران اسرائیل کشیدگی: سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بے نتیجہ ختم، امریکا نے اسرائیلی حملے سے قبل آگاہی کا اعتراف کر لیا

خلیج اردو
نیویارک – اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر ہنگامی اجلاس کسی متفقہ فیصلے کے بغیر اختتام پذیر ہو گیا۔ اجلاس میں ایران، امریکہ اور دیگر ممالک کے مندوبین نے اپنی پوزیشن واضح کی، تاہم عالمی ادارہ کسی مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے میں ناکام رہا۔

اجلاس کے دوران امریکی مندوب نے اعتراف کیا کہ امریکا اسرائیل کے ایران پر حملے سے پہلے اس سے آگاہ تھا، تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان حملوں میں امریکی افواج شامل نہیں تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن حکومت ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گی، "ہم اسرائیل کے دفاع کے ساتھ کھڑے ہیں لیکن کشیدگی کم کرنے کو بھی ترجیح دیتے ہیں۔”

ایرانی مندوب عامر سعید نے اسرائیلی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "اسرائیل نے ایران کی خودمختاری پر حملہ کرکے جنیوا کنونشن اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی کی ہے۔” انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اقوام متحدہ نے اسرائیل کو نہ روکا تو مشرق وسطیٰ ایک نہ ختم ہونے والی جنگ کی دلدل میں دھنس جائے گا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی ایران کے جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی اور دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ "خطہ مزید تصادم کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button