
خلیج اردو
تہران – ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے حالیہ حملے میں ایرانی مسلح افواج کے جنرل سٹاف کے دو اعلیٰ افسران شہید ہو گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق شہداء میں جنرل سٹاف میں انٹیلی جنس کے سربراہ جنرل غلام رضا محرابی اور ڈپٹی چیف آف آپریشنز جنرل مہدی ربانی شامل ہیں۔
ایرانی ذرائع ابلاغ نے ان افسران کی شہادت کو ایران کے دفاعی نظام پر ایک گہرا زخم قرار دیا ہے۔ حکام کے مطابق دونوں افسران ایک حساس مقام پر موجود تھے جب اسرائیلی فضائی حملے نے انہیں نشانہ بنایا۔
واقعے کے بعد ایران کی اعلیٰ عسکری قیادت نے اس سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا اور اعلان کیا کہ "یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔”
ایرانی مسلح افواج نے فوری طور پر سیکیورٹی انتظامات سخت کر دیے ہیں جبکہ ایران کے جوابی اقدامات کی تیاریوں کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔






