
خلیج اردو
اسلام آباد: بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات پر امریکہ نے محتاط مؤقف اختیار کرتے ہوئے انٹیلی جنس معلومات کی تصدیق سے انکار کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کیا کہ "ہم انٹیلی جنس یا پیغامات پر تبصرہ نہیں کریں گے”، یہ بیان بھارت کے حالیہ دعوؤں کے پس منظر میں سامنے آیا ہے جن میں راولپنڈی سے مبینہ دہشت گرد کارروائیوں کا ذکر کیا گیا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ امریکہ کے ردعمل سے متعلق ریکارڈ موجود ہے، اور ہم ہر معاملے کو ذمہ داری سے دیکھتے ہیں۔ تاہم انہوں نے بھارتی بیانیے کی تائید سے گریز کیا اور یہ واضح اشارہ دیا کہ امریکہ بھارتی الزامات کو من وعن تسلیم نہیں کرتا۔
اس بیان کے بعد پاکستان کے مؤقف کو بین الاقوامی سطح پر تقویت ملی ہے، جس میں اسلام آباد نے بارہا اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی واقعے پر آزادانہ، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کیلئے تیار ہے۔ پاکستان پہلے ہی بھارت سے مطالبہ کر چکا ہے کہ وہ الزام تراشی کی بجائے ٹھوس شواہد فراہم کرے تاکہ سچ سامنے آ سکے۔
امریکی ترجمان کا محتاط مؤقف بھارتی موقف کی غیر یقینی حیثیت کو اجاگر کرتا ہے اور پاکستان کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کو ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر سامنے لاتا ہے۔






