
خلیج اردو
راولپنڈی: ترجمان پاک فوج میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کی فلمی انڈسٹری بلاشبہ کامیاب ہے مگر اس کے سیاسی دعوے محض ایک فلمی کہانی بن چکے ہیں، اور بھارتی میڈیا کا طرز عمل "گڈ انٹرٹینمنٹ” سے زیادہ کچھ نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے وقار اور آزادی کی حفاظت ہر قیمت پر کرے گا اور کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس بریفنگ میں کہا کہ پہلگام کا واقعہ 2 بجکر 20 منٹ پر پیش آیا، اور صرف 10 منٹ کے اندر ایف آئی آر درج کر دی گئی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت نے پہلے سے منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بھارت کو اتنی جلدی کیسے معلوم ہوا کہ حملے میں کون ملوث ہے؟ اور بھارتی میڈیا نے فوراً پاکستان پر الزام کیوں لگایا؟ یہ سب بھارت کے جھوٹے بیانیے کی عکاسی کرتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت بچوں، خواتین اور عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، اور مقبوضہ کشمیر کے شہری بھی بھارتی فوج کی سیکیورٹی کارکردگی پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اب تک پاکستان کے خلاف کوئی ثبوت فراہم نہیں کیے، اور مودی سرکار کے پاس اپنے عوام کو جواب دینے کیلئے کچھ نہیں۔
ترجمان پاک فوج نے دعویٰ کیا کہ بھارت ہمیشہ سے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے جعلی انکاؤنٹرز اور جھوٹے الزامات کا سہارا لیتا رہا ہے، اور موجودہ پہلگام واقعہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے شواہد بھی میڈیا کے سامنے پیش کیے اور کہا کہ کالعدم بی ایل اے، ٹی ٹی پی اور فتنہ الخوارج جیسی تنظیموں کو بھارت اسلحہ، تربیت اور فنڈنگ فراہم کر رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا کہ گرفتار دہشتگردوں نے خود اعتراف کیا ہے کہ انہیں بھارت سے تعاون ملا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا مقصد پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی کوششوں سے توجہ ہٹانا اور اپنی پراکسیز کو تحفظ دینا ہے، لیکن پاکستان پوری قوت سے اپنی سالمیت کا دفاع جاری رکھے گا۔






