
خلیج اردو
واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایک امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ پاک بھارت جنگ میں کسی صورت مداخلت نہیں کرے گا کیونکہ یہ ایسی جنگ ہے جس سے امریکہ کا کوئی لینا دینا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو ٹھنڈے دماغ سے سوچنا ہوگا کیونکہ ایٹمی جنگ کی صورت میں بہت زیادہ نقصان ہو سکتا ہے۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ بھارت نے حملہ کیا اور پاکستان نے جواب دیا، اب ضروری ہے کہ دونوں فریق صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ صرف کشیدگی میں کمی کا مشورہ دے سکتا ہے، اس سے زیادہ کچھ نہیں کرے گا۔
نائب صدر کا کہنا تھا کہ فی الحال ایسا نہیں لگتا کہ موجودہ جنگ ایٹمی تصادم میں تبدیل ہوگی، لیکن اگر ایسا ہوا تو اس کے نتائج سنگین ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی یہ مشترکہ ذمہ داری ہے کہ خطے میں استحکام کو یقینی بنایا جائے۔






