
خلیج اردو
نیویارک:امریکہ میں فلسطین کے حق میں آواز بلند کرنے کے خلاف کارروائیاں بڑھ گئی ہیں۔ کولمبیا اور واشنگٹن کی یونیورسٹیوں میں فلسطین کے حامی طلبہ نے احتجاج کیا جس کے بعد پولیس نے کریک ڈاؤن کر کے 80 طلبہ کو گرفتار کر لیا۔ احتجاج کے دوران طلبہ نے کولمبیا یونیورسٹی کی لائبریری کی دوسری منزل کو "آزادی زون” قرار دیتے ہوئے بینرز آویزاں کیے تھے، جن پر غزہ کے حق میں نعرے اور ہڑتال جیسے پیغامات درج تھے۔
یونیورسٹی کے طلبہ کا کہنا تھا کہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر یہ احتجاج کر رہے ہیں، مگر پولیس نے ان پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔ یہ واقعہ امریکہ میں فلسطین کے حق میں بڑھتے ہوئے احتجاجات کا حصہ ہے، جہاں فلسطینی حقوق کے حامیوں کے خلاف کارروائیاں مزید شدت اختیار کر رہی ہیں۔





