خلیج اردو: میٹا کی زیرملکیت میسجنگ پلیٹ فارم میں ایک نیا فیچر نیوز لیٹر متعارف کرایا گیا ہے۔
واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ WAbetaInfo کے مطابق اینڈرائیڈ کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں یہ فیچر متعارف کرایا گیا ہے اور تمام صارفین کو یہ مستقبل قریب میں دستیاب ہوگا۔
اس فیچر کا مقصد کیا ہے یہ تو ابھی واضح نہیں مگر بظاہر اس سے انفرادی صارفین یا گروپس کو کارآمد اپ ڈیٹس کے حصول میں مدد ملے گی۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین بڑے پیمانے پر مختلف تفصیلات یا مواد دوستوں یا گروپس کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق نیوز لیٹر ٹول کے لیے اسٹیٹس ٹیب میں ایک آپشنل سیکشن دیے جانے کا امکان ہے تاکہ یہ نجی چیٹس سے الگ ہوسکے اور پیغامات کو حاصل اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن تحفظ متاثر نہ ہو۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ صارفین کو یہ کنٹرول بھی دیا جائے گا کہ کون ان کے نیوز لیٹر کو فالو کر سکتا ہے اور کس کو وہ مواد دیکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
واٹس ایپ میں پہلے ہی براڈ کاسٹ کے نام سے بیک وقت متعدد افراد کو میسجز بھیجنے کی سہولت موجود ہے اور نیوز لیٹر فیچر اسی کی توسیع محسوس ہوتا ہے۔
یہ فیچر مارکیٹنگ کا بھی بڑا ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے، مگر اس حوالے سے ابھی کچھ کہنا ممکن نہیں۔