
خلیج اردو
پشاور: خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی آج شام 4 بجے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی ان سے حلف لیں گے۔ گورنر ہاؤس کے ترجمان کے مطابق تقریبِ حلف برداری کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی وزیراعلیٰ سندھ کے جہاز پر کراچی سے پشاور پہنچے۔ یہ طیارہ انہیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر فراہم کیا گیا۔ بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ سندھ سے کہا تھا کہ وہ گورنر خیبرپختونخوا کو فوری پشاور پہنچنے کے لیے جہاز فراہم کریں تاکہ وہ آئینی تقاضے کے مطابق حلف لینے کی کارروائی مکمل کریں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ انہوں نے کبھی حلف لینے سے انکار نہیں کیا، ان کی اولین ترجیح آئین و قانون کی پاسداری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گورنر کے پاس اپنا طیارہ نہیں ہوتا، اسی لیے انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے طیارہ فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔
گورنر نے کہا کہ وہ اپنا آئینی فریضہ ادا کریں گے اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔






