پاکستانی خبریں

نوشین شاہ کا انکشاف، کالج میں خوبصورت دیکھ کر ملی تھی ڈرامے میں کام کی پیشکش

خلیج اردو
اداکارہ نوشین شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں کالج میں پڑھائی کے دوران خوبصورتی دیکھ کر ڈرامے میں کام کی پیش کش ہوئی تھی اور انہوں نے والدین کو بتائے بغیر یہ پیشکش قبول کرلی تھی۔

ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نوشین شاہ نے بتایا کہ ان کے والدین کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے مگر ان کی پیدائش اور پرورش کراچی میں ہوئی۔ ان کے والد ٹرانسپورٹر ہیں لیکن انہوں نے ہمیشہ بچوں کو اپنی پسند کے شعبے میں کام کرنے کی اجازت دی۔

نوشین شاہ کے مطابق جب وہ کالج میں گیارہویں جماعت کی طالبہ تھیں تو پروڈکشن ٹیم نئے چہروں کی تلاش میں وہاں آئی۔ ٹیم نے انہیں دیکھ کر کالج کی پرنسپل سے ملاقات کی اور دفتر میں بلا کر ڈرامے میں کام کی پیشکش کی، جسے انہوں نے فوراً قبول کرلیا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرامے کی ٹیم نے انہیں کہا کہ والدین سے اجازت لینے کے بعد جواب دیں، مگر انہوں نے والدین سے بات نہیں کی اور اگلے دن سہیلی کے کپڑے پہن کر شوٹنگ کے لیے پہنچ گئیں۔ ان کا کردار مختصر تھا مگر انہیں اس کے تین ہزار روپے ملے۔

نوشین شاہ نے بتایا کہ جب ڈراما نشر ہوا تو ان کی والدہ نے ان کی خوب پٹائی کی، بعد میں والد نے بلا کر پوچھا کہ انہوں نے اجازت کے بغیر کام کیوں کیا۔ والد نے ان کی اداکاری پر اعتراض نہیں کیا بلکہ جھوٹ بولنے پر ناراض ہوئے اور سمجھایا کہ جو بھی کام کرنا ہو کھل کر کریں، مگر جھوٹ مت بولیں اور اچھا کام کریں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button