خلیج اردو
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔ وہ داہگل کے مقام پر علامتی احتجاج کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔ میڈیا سے گفتگو میں سہیل آفریدی نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ہمیں آج اپنے لیڈر سے ملنے نہیں دیا گیا، یہ عدلیہ کی بے بسی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ جب سے وزیراعلیٰ بنا ہوں، مجھے مسلسل ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ اپنے لیڈر سے رہنمائی لینا چاہتا ہوں اور اسی لیے ملاقات ضروری ہے۔ میں نے وفاقی اور پنجاب حکومت کو ملاقات کی اجازت کے لیے لکھا ہے، عدالتوں میں بھی گئے مگر کوئی نہیں سن رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت وزیراعلیٰ میرا کام اپنی عوام کے لیے کام کرنا ہے، جلسے جلوس پارٹی کا معاملہ ہیں۔ پارٹی کی طرف سے جو بھی ہدایت آئے گی اس پر عمل کیا جائے گا۔ سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات تک کابینہ تشکیل نہیں دی جائے گی۔






