پاکستانی خبریں

سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی سے مل لیں تو کوئی حرج نہیں، خیبرپختونخوا کو حقوق کے لیے سیاسی راستہ اختیار کرنا ہوگا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر

خلیج اردو
لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ اگر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کر لیں تو اس میں کوئی حرج نہیں۔ صوبے کو اپنے حقوق حاصل کرنے کے لیے سیاسی طریقہ اپنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ملک کے وزیر اعظم ہیں، ان سے اچھے تعلقات قائم کیے جائیں۔ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، مگر صوبے کے عوام کے حقوق آپ کی ذمہ داری ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بہتر ورکنگ ریلیشن کے ذریعے ہی خیبرپختونخوا اپنے حقوق حاصل کر سکتا ہے۔

گورنر سلیم حیدر نے فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کو غصہ نہیں کرنا چاہیے تھا، ان کے ساتھ بہتر انداز میں چل رہے تھے۔ وزیر اعظم نے پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نون لیگ کے ساتھ اتحاد محبت کا نہیں بلکہ مجبوری کا الائنس ہے، کیونکہ کارکن ابھی ایک دوسرے کو قبول کرنے کو تیار نہیں۔ 18 ماہ کی حکومت پیپلز پارٹی کے لیے بھیانک خواب ثابت ہوئی ہے، تاہم امید ہے کہ حالات بہتر ہو جائیں گے۔

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور امن میں گورنر ہاؤس رکاوٹ نہیں بنے گا۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو چاہیے کہ وہ پارلیمانی جرگہ بنا کر وفاق کے پاس جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حقوق کے لیے دلائل سے بات کرنا ہوگی، مشترکہ مفادات کونسل میں ہر مسئلہ حل کیا جا سکتا ہے، اور این ایف سی کا معاملہ بھی حل ہونا چاہیے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button