
خلیج اردو
دبئی: 2025 لاس ویگاس گرینڈ پری میں فتح حاصل کرنے والے میکس ورسٹاپن کو اس وقت بڑا فائدہ ملا جب لینڈو نوریس اور آسکر پیاسٹری دونوں کو ریس کے چار گھنٹے بعد نااہل قرار دے دیا گیا۔ نوریس نے دوسری جبکہ پیاسٹری نے چوتھی پوزیشن پر اختتام کیا تھا، لیکن اسٹورڈز نے دونوں مکلارن گاڑیوں کے اسکیڈ پلینک ضرورت سے زیادہ گھسے ہوئے پائے جس کے نتیجے میں انہیں ریس سے خارج کردیا گیا۔
میکس ورسٹاپن پہلے ہی اپنے کیریئر کی 69 ویں جیت کے ساتھ شاندار کارکردگی دکھا چکے تھے۔ ریڈ بل ڈرائیور نے آغاز میں ہی برتری حاصل کرلی تھی، جب پول پوزیشن رکھنے والے نوریس ٹرن 1 پر معمولی غلطی کر بیٹھے۔ ورسٹاپن نے پوری ریس پر مضبوط گرفت رکھی اور بیس سیکنڈ سے زیادہ کے فرق سے فتح اپنے نام کی۔
جمعے کو بارش سے متاثرہ کوالیفائنگ سیشن کو ورسٹاپن نے برف پر گاڑی چلانے سے تعبیر کیا تھا، تاہم 50 لیپس کی ریس خشک اور ٹھنڈی موسم میں روشن ویگاس لائٹس کے نیچے منعقد ہوئی۔ بہتر موسم اور مضبوط ٹائر اسٹریٹیجی نے ریڈ بل کو واضح برتری دی۔
ورسٹاپن نے کہا کہ عام طور پر ٹائر منیجمنٹ ان کے لیے چیلنج رہتا ہے لیکن اس بار سب کچھ کنٹرول میں تھا۔ وہ زیادہ زور لگا سکے، طویل عرصہ تک ٹریک پر رہ سکے اور ریس کو مؤثر انداز میں دو حصوں میں تقسیم کرسکے۔ ان کے مطابق گاڑی ہر لیپ میں بہترین محسوس ہو رہی تھی۔
نوریس اور پیاسٹری کی نااہلی نے چیمپئن شپ کی دوڑ میں ورسٹاپن کی برتری کو مزید مستحکم کر دیا ہے۔







