
خلیج اردو
رسالپور میں پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان کی گریجویشن پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے انکشاف کیا کہ 6 اور 7 مئی کی رات پاکستان کی خود مختاری کو چیلنج کیا گیا تو پاک فضائیہ نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے رفال سمیت جدید ترین لڑاکا طیارے مار گرائے۔ ان کا کہنا تھا کہ رفال طیاروں کی صلاحیت پاک فضائیہ کے سامنے صفر ثابت ہوئی اور پاکستانی فضائیہ نے لمحوں میں بھارتی نقل و حرکت کو مانیٹر کرکے مؤثر جواب دیا۔
ایئر چیف کا کہنا تھا کہ دنیا کو امید نہیں تھی کہ پاکستان اتنی بڑی کارروائی چند لمحوں میں کرے گا، مگر جب پاک فضائیہ نے یہ آپریشن کیا تو دنیا دنگ رہ گئی۔ ہم بھارت کو اس سے زیادہ نقصان پہنچا سکتے تھے لیکن پاک فضائیہ ایک پروفیشنل فورس ہے، ہمارا ہر ایکشن کیلکولیٹڈ، متوازن اور مؤثر ہوتا ہے اور اس کا واحد مقصد عزت کے ساتھ امن کا حصول ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاک فضائیہ کی برتری اور جدید وار فیئر تقاضوں پر عبور کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے اور اس پر مختلف عسکری اداروں میں اسٹڈی بھی کی جا رہی ہے۔ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، امن کے لیے کردار ادا کر رہا ہے، مگر اگر کسی نے ہماری امن کی خواہش کو کمزوری سمجھتے ہوئے چیلنج کیا تو اسے منہ کی کھانی پڑے گی۔ ہم ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہیں اور پاکستان کی سالمیت پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ ایئر چیف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے قائدانہ کردار کا بھی خصوصی ذکر کیا۔
گریجویشن پریڈ میں کیڈٹس نے پیشہ ورانہ مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا اور ملکی دفاع سے متعلق عزم کا اعادہ کیا۔ پاس آؤٹ ہونے والوں میں 151 جی ڈی پی، 97 انجینئرنگ، 108 ویں ایئر ڈیفنس کورس، 10 ویں نیوی گیشن الفا، 28 ویں ایڈمن اینڈ اسپیشل ڈیوٹیز، 11 ویں لاجسٹکس کورس کے کیڈٹس شامل تھے۔
اسی طرح 134 ویں کومبیٹ سپورٹ کورس اور 98 ویں ای سی رائل سعودی ایئر فورس کے کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہوئے۔ مجموعی طور پر پاک فضائیہ کے 136 اور سعودی فضائیہ کے 20 کیڈٹس نے کامیابی سے گریجویشن مکمل کی۔






