
خلیج اردو
میٹا، جو فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی ہے، اس وقت ایک نئے تجرباتی مرحلے میں ہے جس کے تحت نان ویریفائیڈ صارفین کو بیرونی لنکس کے ساتھ صرف دو آرگینک پوسٹس ماہانہ تک محدود کیا جا رہا ہے۔ اس حد سے تجاوز کرنے کے لیے صارفین کو ممکنہ طور پر فیس ادا کرنا پڑے گی۔
16 دسمبر سے منتخب صارفین کے لیے لامحدود لنک شیئرنگ کے لیے “میٹا ویریفائیڈ” سبسکرپشن درکار ہوگی۔ میٹا ویریفائیڈ ایک بامعاوضہ سروس ہے جو فیس بک اور انسٹاگرام پر دستیاب ہے، جس میں ویریفائیڈ بیج، جعلی اکاؤنٹس سے تحفظ، اور کچھ اضافی سپورٹ اور فیچرز شامل ہیں، بالکل اسی طرح جیسے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پریمیم سبسکرپشن۔
اس تبدیلی کا مقصد پلیٹ فارم پر “نیٹو” یا اندرونی مواد کو ترجیح دینا ہے تاکہ صارفین فیس بک کے ایکو سسٹم کے اندر زیادہ وقت گزاریں، کم معیار کے کلک بیٹ مواد کی حوصلہ شکنی ہو اور بیرونی ویب سائٹس پر ٹریفک بھیجنے کے بجائے پلیٹ فارم پر سرگرمی برقرار رکھی جا سکے۔
یہ تجربہ اس ہفتے پروفیشنل موڈ استعمال کرنے والے چند منتخب پروفائلز پر شروع کیا گیا ہے، جنہیں دسمبر 16 سے حدود سے متعلق نوٹیفکیشنز موصول ہو رہے ہیں۔ اگرچہ یہ فی الحال محدود پیمانے پر ہے، تاہم تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ 2026 تک اس طرح کی تبدیلیاں وسیع سطح پر نافذ کی جا سکتی ہیں، جس سے فیس بک ایک ٹریفک ڈرائیور کے بجائے برانڈ بلڈنگ پلیٹ فارم میں تبدیل ہو سکتا ہے۔
میٹا ویریفائیڈ کی قیمت ویب پر تقریباً 11.99 ڈالر ماہانہ جبکہ ایپ کے ذریعے 14.99 ڈالر ماہانہ سے شروع ہوتی ہے۔ قیمتیں خطے اور پیکج کے لحاظ سے مختلف ہو سکتی ہیں، جبکہ بزنس اکاؤنٹس کے لیے اسٹرکچر الگ ہے۔ صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی فیس بک یا انسٹاگرام ایپ میں جا کر مقامی قیمت کی تصدیق کریں۔
ماہرین کے مطابق برسوں سے لنکس کی اہمیت کم کرنے کے بعد اب انہیں باقاعدہ مونیٹائز کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد پلیٹ فارم پر صارفین کی موجودگی بڑھانا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب سوشل میڈیا سے نیوز ویب سائٹس کو ملنے والا ریفرل ٹریفک کم ہو رہا ہے۔
نیوز اداروں کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ پرانے ویریفائیڈ اکاؤنٹس پر اس کا براہِ راست اثر نہیں پڑے گا کیونکہ وہ پہلے سے تصدیق شدہ ہیں اور انہیں میٹا ویریفائیڈ سبسکرپشن کی ضرورت نہیں۔ تاہم عام صارفین کے لیے لنکس کی حد خبر کے پھیلاؤ کو بالواسطہ طور پر متاثر کر سکتی ہے، کیونکہ بغیر سبسکرپشن صارفین خبر کے لنکس زیادہ تعداد میں شیئر نہیں کر سکیں گے۔
ماہرین یہ بھی واضح کرتے ہیں کہ میٹا ویریفائیڈ خودکار طور پر پوسٹس کی ریچ نہیں بڑھاتا، البتہ جعلی اکاؤنٹس سے تحفظ اور برانڈ سیفٹی کے حوالے سے یہ کچھ اداروں کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے، اگرچہ کسٹمر سپورٹ کے معیار پر اب بھی سوالات موجود ہیں۔







