پاکستانی خبریں

چیئرمین کی تقرری تک موجودہ سربراہ کام جاری رکھیں گے، نیب ترمیمی بل سینیٹ سے منظور، میگا کرپشن کیس کی حد 50 کروڑ سے کم کر کے 30 کروڑ کر دی گئی

خلیج اردو
سینیٹر عبدالقادر کی جانب سے پیش کیا گیا قومی احتساب بیورو ترمیمی بل سینیٹ سے منظور کر لیا گیا، تاہم بل کی منظوری کے دوران اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج اور شور شرابہ بھی دیکھنے میں آیا۔

بل کے مطابق نئے چیئرمین کی تقرری تک موجودہ چیئرمین نیب اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔ اس کے علاوہ نیب اب 50 کروڑ روپے کے بجائے 30 کروڑ روپے لاگت کے میگا کرپشن کیسز کی بھی تحقیقات کر سکے گا۔

ترمیمی بل میں مقدمات کے فیصلوں کے خلاف دوسری اپیل کا حق بھی دے دیا گیا ہے۔ بل کے تحت ہائی کورٹ میں اپیل کا حق محدود ہو گا جبکہ طریقہ کار سے متعلق غلطیوں پر دوسری اپیل وفاقی آئینی عدالت میں دائر کی جا سکے گی۔

ایوان میں اپوزیشن کی تنقید کے جواب میں لیڈر آف ہاؤس اسحاق ڈار نے کہا، "ماضی کو یاد کریں تو 50 سے زائد قانون سازی پاکستان تحریک انصاف نے بھی جلد بازی میں کی تھی۔”

انہوں نے کہا، "یہ نیب سے متعلق پرائیویٹ ممبر بل ہے اور اپوزیشن میں سے کسی نے اسے پڑھا تک نہیں، میں علی ظفر کو سننے کے لیے تیار ہوں۔ اگر پاکستان تحریک انصاف کو اس بل پر اعتراض ہے تو وہ پرائیویٹ ممبر ڈے پر اس میں ترمیم بھی پیش کر سکتے ہیں۔”

سیاسی مبصرین کے مطابق نیب قوانین میں یہ تبدیلیاں احتساب کے نظام پر مستقبل میں اہم اثرات مرتب کر سکتی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button