
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں بھارتی نصاب کے سکولوں نے طلبہ کے لیے تعلیمی سال کی تعطیلات قبل از وقت شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، تاہم سکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امتحانات، نتائج اور تعلیمی تسلسل متاثر نہیں ہوگا۔
مختلف سکولوں کے سربراہان کے مطابق تعلیمی ادارے موجودہ غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر طلبہ کی حفاظت، تعلیمی لچک اور معیارِ تعلیم کو برقرار رکھنے کے لیے تعلیمی کیلنڈر میں معمولی تبدیلیاں کر رہے ہیں۔
ابوظہبی کے شائننگ اسٹار انٹرنیشنل سکول کی پرنسپل ابھلاشا سنگھ کے مطابق سکول میں امتحانات 6 مارچ کو مکمل ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ امتحانی سلسلہ 16 فروری سے شروع ہوا تھا اور آخری ہفتے کے امتحانات آن لائن منعقد کیے گئے، جس سے شیڈول متاثر نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ اس دوران گھروں سے کام جاری رکھیں گے اور طلبہ کے نتائج تیار کیے جائیں گے جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
دبئی کے اسپرنگ ڈیلز سکول کے پرنسپل ڈیوڈ جونز کے مطابق سکول میں تیسری تعلیمی مدت کے امتحانات جاری تھے کہ اچانک قبل از وقت تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا۔ اس تبدیلی کے باعث باقی امتحانات صبح 9 سے 10 بجے کے درمیان آن لائن لیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ جماعت ششم سے ہشتم تک کے طلبہ کے ریاضی، سائنس اور انگریزی کے امتحانات آن لائن ہوں گے جبکہ دسویں اور بارہویں جماعت میں جانے والے طلبہ کے لیے خصوصی تعلیمی کلاسیں بھی آن لائن شروع کی جائیں گی۔
رأس الخیمہ میں انڈین سکول انتظامیہ کے مطابق آن لائن کلاسز 6 مارچ کو ختم کر دی جائیں گی اور طلبہ 30 مارچ تک تعطیلات سے لطف اندوز ہوں گے، جس کے بعد نیا تعلیمی سال شروع ہوگا۔
سکول انتظامیہ نے والدین کی سہولت کے لیے آئندہ تعلیمی سال کے اہم شیڈول، موسمِ گرما اور موسمِ سرما کی تعطیلات کی تاریخیں بھی پہلے سے جاری کر دی ہیں، جبکہ دوبارہ امتحانات 23 مارچ سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق موجودہ حالات میں سکولوں کی جانب سے یہ حکمت عملی طلبہ کی تعلیم کو جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کی کوشش قرار دی جا رہی ہے۔







